سال 2023 کی پہلی بارش نے جہلم شہر کی سبزی منڈی میں تباہی مچا دی
جہلم: رواں سال کی پہلی بارش نے شہر کی سبزی منڈی میں تباہی مچادی جہاں سبزی منڈی کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر کا منظر پیش کررہی ہے وہیں میونسپل کمیٹی کے ناقص انتظامات کی قلعی بھی کھل گئی، صارفین سراپا احتجاج، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہرسمیت مضافاتی علاقوں میں منگل کی شب سے بدھ کی رات تک ہونے والی بارش کے بعد سبزی منڈی میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا ، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر لگ گئے، متعدد مقامات پر کیچڑ جمع ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا۔
سبزی منڈی کی ابتر صورتحال کے باعث نہ صرف یہاں آنے والے خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ دکانداروں کے کارروبار بھی متاثر ہورہے ہیں۔ سبزی و فروٹ منڈی میں بارش کے پانی کے باعث تعفن پھیل گیا ہے جس کے باعث سبزی منڈی میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ لاحق ہو چکا ہے۔
سبزی منڈی کی مرکزی اور ذیلی سڑکوں پر کیچڑ اور بارش کے پانی کے باعث سبزیاں اور پھل لانے والی گاڑیوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کیچڑ اور پھسلن کے باعث بدھ اور جمعرات کے روز بھی متعدد گاڑیاں پھسلن کے باعث مشکلات میں مبتلا رہیں۔
سبزی منڈی کے تاجروں نے بارش کے بعد سبزی و فروٹ منڈی کی حالت کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی و فروٹ منڈی سے بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کئے جائیں۔ سبزی منڈی سے کیچڑاور گندگی کے ڈھیر صاف کروائے جائیں جبکہ منڈی میں جراثیم کش اسپرے بھی کرایا جائے تا کہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ کم سے کم ہو سکے۔