
جہلم: ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے، سالِ نو میں بھی جرائم کے سد باب کے لئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں گے، پولیس محدود وسائل اور انتہائی قلیل افرادی قوت کے باوجود جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ سے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں خلق خدا کی خدمت کی طرف گامزن ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈاکٹر فہد احمد نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ سال 2022 کے دوران 18 خطرناک ڈکیٹ گینگ اور مجرمان اشتہاریوں و عدالتی مفروران سمیت مجموعی طور 1198 سے زائد جرائم پیشہ اور قانون شکن ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 17 کروڑ 16 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ ، بھاری مقدار میں منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کی پولیس محدود وسائل اور انتہائی قلیل افرادی قوت کے باوجود جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ سے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں خلق خدا کی خدمت کی طرف گامزن ہے، سال 2022 ء کے دوران سنگین جرائم میں ملوث بیشتر ملزمان پکڑے جا چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ بھی جلد حوالات کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ ضلع بھر میں اس سلسلہ میں منظم پولیس پٹرولنگ کے ساتھ ساتھ ٹھیکری پہرے، چرچ اینڈ کو مبنگ آپریشن پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ سنگین مقدمات سمیت دیگر بلائنڈ مرڈرز اور ہائی پروفائل کیسز شامل ہیں۔ضلع کی پولیس نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت کیساتھ تمام ہائی پروفائل کیسز میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا، جہلم پولیس کی بہترین کارکردگی پر انسپکٹر جنرل آف پولیس ، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی کی جانب سے شاباش بھی دی گئی۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد نے کہا کہ سال 2022ء میں سنگین جرائم میں ملوث 1198 ملزمان کا قلع قمع کر کے انتہائی خطرناک ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے 17 کروڑ 16 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ مختلف نوعیت کا جدید ناجائز اسلحہ اور کثیر تعداد میں گولیاں و کارتوس برآمد کیے گئے جبکہ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی سرقہ و دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ جن میں خطرناک اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس نے ناجائز اسلحہ کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 475 مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے 35 عدد کلاشنکوف، 48 رائفلیں، 55 بندوقیں ، 7 ریوالورز 328 عدد پستول، کثیر تعداد میں گولیاں و کارتوس برآمد کیے۔ اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 685 مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے 183 کلو چرس، 28 کلو گرام افیون ڈیڑھ کلو آئس 4 ہزار شراب کی بوتلیں بھی برآمد کی گئیں۔