
جہلم: شہر میں مہنگائی نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا،دکاندار سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے سے انکاری، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے اشیائے خوردونوش کو صارفین کی پہنچ سے کوسوں میل دور کردیا، غریب اور متوسط طبقہ ارزاں نرخوں پر اپنے بیوی بچوں کو دال روٹی مہیا کرنے میں ناکام ہو گیا۔
پیاز50 روپے کلو، ٹماٹر 200 روپے کلو، آلو70 روپے کلو میں دستیاب ہیں، گاجر50 روپے ، بند گوبھی70 روپے ، بینگن 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں جبکہ مٹر 225 روپے فی کلو فروخت کئے جارہیے ہیں ، اسی طرح پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، خود ساختہ مہنگائی کرتے ہوئے دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
دوکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمیں منڈی سے مہنگے داموں اشیاء خوردونوش ملیں گی تو ہم کس طرح صارفین کو کم نرخوں پر اشیاء فروخت کریں گے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار غیر معیاری اشیائے خودونوش انتہائی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے نرخ مقرر کئے جانے کے باوجود شہری مہنگے داموں اشیائے خوردونوش لینے پرمجبور ہیں، انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخ ناموں پر دکاندار عمل درآمد کرنے سے انکاری ہیں۔
شہرکی عوامی، سماجی، فلاحی، شہری حلقوں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔