
جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم نے عید الاضحیٰ کے تین دنوں میں 2 ہزار 3 سو ٹن سے زائد آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیرنگرانی ضلع جہلم میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے جس میں عید الاضحیٰ کے تینوں دن ضلع کے کونے کونے سے آلائشوں کو اٹھا کر ڈمپ کیا گیا۔
تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسرز اور سینٹری ورکرز نے بڑی مستعدی اور ذمہ داری سے قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے امور میں بہترین خدمات انجام دیں۔
صفائی مہم میں کل 647 سینٹری ورکرز نے حصہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کے لیے بنائے گئے شکایت سیل پر مختلف شکایات کو بروقت نمٹایا گیا اور عید کے تین دنوں میں 2 ہزار تین سو ٹن سے زائد ویسٹ مختلف تحصیلوں سے اٹھا کر ڈمپ کیا گیا۔ آلائشیں ڈالنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو شاپنگ بیگ عید سے دو دن قبل فراہم کر دیے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر کامران خان نے کہا کہ اس پوری صفائی مہم میں تمام افسران خصوصی طور پر سینٹری ورکرز کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے جو پوری مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ شہر کو آلائشوں سے پاک اور ستھرا بنانے کے لیے اپنی خدمات انجام سرانجام دیتے رہے۔