جہلم

انتخابی مہم ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق ، شکست کا خوف حکمرانوں کو ظلم پر مجبور کر رہا ہے۔ فراز چوہدری

جہلم: تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج ریاستی غنڈہ گردی، انتخابی مہم ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق، شکست کا خوف حکمرانوں کو ظلم پر مجبور کر رہا ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی ایماء پر جانبدار نگران وزیر اعلیٰ نے لاہور میں پولیس کے ذریعے پی ٹی آئی کے پر امن کارکنوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریاں کر کے ریاستی غنڈہ گردی کی بدترین مثال قائم کی، امپورٹڈ حکمرانوں نے خواتین کے عالمی دن پر خواتین کی بدترین تذلیل کی اور پی ٹی آئی کی خواتین کو پولیس اہلکاروں نے مارا پیٹا، ان پر واٹر کینن کا استعمال کیا جس کی پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم کی قیادت بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کا شیڈول آچکا ہے، جلسے ، جلوسوں کے ذریعے انتخابی مہم چلانا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے لیکن شکست کا خوف حکمران ٹولے کو فسطائیت اور مظالم کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔ یہ کیسی دفعہ 144 ہے جس میں تمام دوسری سرگرمیوں کی اجازت ہے صرف پی ٹی آئی پر ہی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور اسکی آڑ میں بزرگوں، نوجوانوں اور خواتین پر بد ترین ریاستی جبر کیا جاتا ہے۔ نا اہل ٹولہ جو مرضی کر لے عوام اب ظلم کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button