نادرا کے عملہ نے شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی حکومتی کاوشوں کو ناکام بنانے پر عملدرآمد شروع کر دیا

جہلم: نادرا کے عملہ نے شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی حکومتی کاوشوں کو ناکام بنا نے پر عملدرآمد شروع کر دیا، شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات بنوانے کی غرض سے آنے والے مرد و خواتین کئی کئی گھنٹے دفتر کے باہر قطاروں میں خوار ہونے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میجر اکرم شہید روڈ پر قائم شناختی کارڈ دفتر میں عملے کی کمی کیوجہ سے دوردراز سے آنے والے سائلین کو گھنٹوں دفتر کے باہر لائنوں میں کھڑا کر دیا جاتا ہے ، جس کیوجہ سے معمر شہریوں سمیت باپردہ گھریلو خواتین کی تذلیل کی جارہی ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضروری کام کاج چھوڑ کر دوردراز کے مضافاتی علاقوں سے شناختی کارڈ اور ب فارم کے حصول کے لئے نادرا دفتر پہنچتے ہیں تو نادرہ دفتر کے سیکورٹی گارڈ عملے کی کمی کا بتا کر آنے والے سائلین کو لائنوں میں کھڑا کر دیتے ہیں جس کیوجہ سے شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
سائلین نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیاہے کہ نادرا دفتر جہلم میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ شہری بغیر مشکلات کے شناختی کارڈ اور بے فارم حاصل کرسکیں ۔