صوبائی الیکشن 2023؛ ضلع جہلم میں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر اور ریٹرنگ آفیسر تعینات، نوٹیفکیشن جاری

جہلم: الیکشن کمیشن نے جہلم سمیت راولپنڈی ڈویژن پنجاب اسمبلی کی 27 نشستوں پر انتخابات کیلئے 4 ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر ،27 ریٹرنگ آفیسر اور 54 اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کر دی، متعلقہ افسران نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا گزشتہ روز پبلک نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا، پہلے دن راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ان سیٹوں کے لئے مجموعی طور پر 46 کاغذات نامزدگی فارم حاصل کئے گئے جبکہ گزشتہ روز سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جو کل 14 مارچ بروز منگل تک جاری رہے گا۔
ضلع جہلم کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق مقرر کئے گئے ہیں، ہر صوبائی سیٹ کے لئے 1 ریٹرننگ آفیسر 2 اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کئے گئے ہیں ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ، ڈپٹی کمشنر ریٹرننگ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر جبکہ اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران بلدیات اور محکمہ تعلیم کے افسران کو مقرر کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ جہلم کی 3 صوبائی نشستوں کے لئے پی پی 25 جہلم ون ریٹرننگ آفیسر عبداللہ ، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران فاضل مدثر، سہیل رضا ،پی پی 26 جہلم II ریٹرننگ آفیسر محمد حسن طارق جبکہ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر حبیب الرحمن، راؤ عبدالکریم پی پی 27 جہلم III ، ریٹرننگ آفیسر مسز صبا شیر، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران عدیل عباس اور انور علی مقرر کئے گئے۔
تمام افسران نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، ان تمام افسران کے دفاتر میں الیکشن عملہ اور سیکورٹی سٹاف بھی تعینات کر دیا گیاہے۔