
جہلم: مہنگائی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں لاہور سے آنے والے مہنگائی مکاؤ روڈ کارواں اتوار کے روز جہلم پہنچا جن کا جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنوں نے دریائے جہلم پل پر تاریخی استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
امیر جماعت اسلامی رکشہ پر سوار ہو کر جادہ کے مقام پر پہنچے ، جہاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کم کی جائے لوگوں کو جینے کاحق دیا جائے،شہباز شریف نے مزید 8 ہزار ارب قرض قوم پر چڑھا دیا ہے،پی ٹی آئی نے 31 ارب روپے قرض لیا تھا،62 ہزار ارب روپے کا لیا گیا قرض ہمارے کندھوں پرہمالیہ رکھ دیا گیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا 172 ارب کے نئے ٹیکسز لگائے جارہے ہیں ،زرعی ملک میں آٹا 160 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، کرپٹ ٹرائیکا پی ٹی آئی ن لیگ پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ہے، ہم آئی ایم ایف کے غلام نہیں یہ ملک ہمارا ہے،ہم آئی ایم ایف کو زرداری،عمران،شہباز اور بلاول دینے کو تیار ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے غلام بنانے والے قرض لینے والوں کے ہاتھ توڑنے ہونگے، دفعہ 38 کے تحت علاج تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،ہم خوشحال روشن پاکستان کیلئے نکلے ہیں،زندہ رہنے اور مضبوط پاکستان کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،35 سال جرنیلوں اور 35 سال کرپٹ سیاست دانوں نے حکومت کی۔
انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمران اور آئی ایم ایف کے غلاموں نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے، آئی ایم ایف کی جانب سے عوام دشمن مطالبات کو آنکھیں بند کر کے قبول کیا جا رہا ہے، اس وقت پریشان حال عوام کے ساتھ جماعت اسلامی کھڑی ہے دکھ اور تکلیف میں جماعت اسلامی نے عوام کا ساتھ دیا ہے، اشرافیہ کے علاوہ ہر فرد مہنگائی سے متاثر ہوا ہے، ڈاکے، چوریاں اور خود کشیاں بڑھ گئی ہیں، امن و امان کی صورت حال بھی ٹھیک نہیں ہے عوام اپنی بساط سے زیادہ قربانی دے چکے ہیں، ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سے راولپنڈی تک کارواں بھی مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کی ترجمانی کے لئے شروع کیا ، اگر حکمرانوں نے آنکھیں نہ کھولیں تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
قبل ازیں سرائے عالمگیر میں مہنگائی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا غریب عوام کے لیے بجلی پانی اور گیس کا بل ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے، ہم ٹیکس دیتے ہیں مزدوری کرتے ہیں، حکمرانوں کی کرپشن کے باعث پاکستان غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے قرضے لیکر اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا اسحاق ڈار کے آنے کے بعد ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوا، انہوں نے وعدہ کیا تھا ڈالر 200 روپے پر لائیں گے، آج مشکل وقت ہے آج بھی حکومت کہتی ہے قوم قربانی دے، سب سے پہلے شہباز شریف قربانی دیں۔