لندن: ہارس فورڈ میں اسکول کے قریب خنجرزنی کے ایک واقعہ میں ایک15سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔ واقعہ ہارس فورڈ ٹائون اسٹریٹ پریسنٹ مارگریٹ اسکول کے قریب منگل کو دوپہر 3 بجے کے قریب پیش آیا۔
یارک شائر پولیس کے مطابق مقتول قریبی ہارس فورڈ اسکول کا سابق طالب علم تھا۔ پولیس نے ایک کم عمر لڑکے سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈپٹی چیف انسپکٹر کا کہنا ہے کہ ہماری تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس واقعہ کا اصل سبب معلوم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ ہمیں معلوم ہے کہ اس طرح کے المناک واقعات کے پوری کمیونٹی پرکیا اثرات مرتب ہوتےہیں۔
منگل کی شام براڈ گیٹ پر یادگاری شمعیں جلانے کے لئے جمع ہوئے لوگ ایک دوسرے کو تھپکیاں دے کر تسلی دے رہے تھے۔ اسکول میں ایک بچے کے والد نے کہاکہ یہ خوفناک بات ہے کیونکہ یہ بہت اچھاعلاقہ تھا، آپ پڑھتے ہیں کہ لندن میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے اور سوچا جائے نہ یہ سب کچھ بہت خطرناک ہے۔
علاقے کے رکن پارلیمنٹ اسٹیوارٹ نے اسے المناک خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری دلی ہمدردیاں مقتول کے اہل خان کے ساتھ ہیں۔
اس سے قبل مقتول کے والدین کے نام ایک پیغام میں ہارس فورڈ اسکول کے سربراہ پال بیل نے کہاکہ آپ کو آج کمیونٹی میں پیش آنے والے المناک واقعہ کا علم ہوگا، جس میں اسکول کا ایک سابق طالب علم ہلاک ہوگیا۔ اسکول آپ کی پریشانی اورجذبات کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔ اسکول اس مشکل اور صبرآزما وقت میں آپ کی ہر طرح کی مدد اور معاونت کیلئے تیار ہے۔
بدھ کی صبح تک پولیس کے محاصرے کی وجہ سے بہت سی بسوں کو اپناراستہ تبدیل کرنا پڑا۔