جہلم میں چور متحرک، چیئرمین میونسپل کارپوریشن جہلم اور شہری کی گاڑی چوری

جہلم: چیئر مین میونسپل کارپوریشن جہلم کی گاڑی کے ساتھ ایک اور گاڑی چور لے گئے جبکہ جہلم میں کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیئر مین میونسپل کارپوریشن جہلم حاجی مرزا راشد ندیم جرال اور اس کے ساتھ ایک اور شہری کی کھڑی گاڑی چور آرام سے لے گئے، حیران کن بات یہ ہے کہ وہاں 12گاڑیاں کھڑی تھیں جن کو چوروں نے چیک کیا اور ان میں سے دو گاڑیاں لیکر فرار ہو گئے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چوری شدہ گاڑیوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
ضلع پولیس نے جہلم کو سیف سٹی بنا کر ہر قسم کی واردات سے محفوظ کرنے کی حتیٰ الامکان کوشش کی تھی جبکہ ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ او ز کو اپنے اپنے علاقوں میں سختی سے پیٹرولنگ کا حکم دیا تھا جبکہ لوگوں کے مطابق یہ گاڑیاں علی الصبح 4بجے چوری کی گئی اور چوروں کو گاڑیاں لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے ایس ڈی پی او سٹی اور ایس ایچ او سٹی کو گاڑیاں بر آمد کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر پیٹرولنگ کے اوقات کے دائرہ کار کو بڑھا دیا ہے۔