کرایوں اور پٹرولیم مصنوعات میں کئی سو گنا کا اضافہ، سرکاری ملازمین شدید پریشانی سے دوچار
جہلم: حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو رہائش کیلئے دئیے جانیوالے ہاؤس رینٹ الاؤنس، کنوینس الاؤنس میں پچھلے کئی سالوں سے پھوٹی کوڑی کا بھی اضافہ نہ ہوسکا ، گھروں کے کرایوں اور پٹرولیم مصنوعات میں کئی سو گنا کا اضافہ ، سرکاری ملازمین شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں شامل ہاؤس رینٹ الاؤنس اور کنوینس الاؤنس میں پچھلے کئی سالوں سے پھوٹی کوڑی تک کا اضافہ نہیں کیا گیا۔ سکیل 1 کے ملازم کا ہاؤس رینٹ آج بھی محض1400 سو روپے ادا کیا جارہا ہے جبکہ کنوینس الاؤنس 1700 روپے مقرر ہے۔
اس حوالے سے ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ الائنسز اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہیں پہلے بجٹ جون میں پیش کیا جاتا تھا اور پورا سال اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جاتا تھا جبکہ موجودہ حکمرانوں نے ہر 15 روز کے بعد منی بجٹ پیش کرنے شروع کررکھے ہیں، آٹے، دال کا بھاؤ آسمانوں سے باتیں کر رہا ہے ،دوردراز کچی آبادیوں میں مکان کا کرایہ 10 ہزار سے کم نہیں، رکشہ ڈرائیور سٹاپ ٹو سٹاپ 50 روپے کرایہ وصول کررہے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان ملازمین کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے الاؤنسسز میں موجودہ مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ سرکاری اداروں میں ہونے والے مالی و انتظامی بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔