جہلم

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ملاوٹ شدہ غیر معیاری اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کا سلسلہ نہ رک سکا

جہلم: شہر سمیت ضلع بھر میں ملاوٹ شدہ مرچ مصالحہ، مربہ جات، کیچپ اور دیگر مضر صحت ناقص و غیر معیاری اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کا سلسلہ نہ رک سکا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ دران نے چپ سادھ لی۔

تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح کی دکانوں، ہوٹلوں، میرج ہالز اور فوڈ پوائنٹس پر 2 نمبر مرچ مصالحہ جات مختلف گلے سڑے پھلوں کے مربہ جات کے استعمال کرنے کا سلسلہ جاری جوکہ شہریوں کے لئے خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں، کیمیکل رنگوں اور مضر صحت اجزاء سے تیار شدہ مرچ مصالحہ جات، مربہ جات اور کیچپ تیار کر کے شہر و گردونواح میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔

مین بازار ، پرانی سبزی منڈی، چوک گنبدوالی مسجد، سبزی منڈی سمیت اندرون شہر کے بازاروں و ملحقہ آبادیوں میں قائم کریانہ سٹور وں سمیت اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والی دکانوں میں ناقص و غیر معیاری مصالحہ جات فروخت کئے جارہے ہیں، مگر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے معنی خیز خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔

اندرون شہر قائم ہونے والے کارخانوں میں تیار کی جانیوالی سرخ مرچ میں لکڑی کے برادے اور خطرناک کیمیکل رنگوں کا استعمال کیا جاتاہے ہلدی اور گرم مصالحہ جات میں بھی مضر صحت اجزاء کی ملاوٹ کی جاتی ہے اور گلے سڑے پھلوں سے مختلف مربہ جات اور ٹماٹروں سے کیچپ تیار کیا جاتا ہے۔

کارخانوں اور فیکٹریوں میں صفائی کے بھی کوئی مناسب انتظامات نہیں ہیں جس کے باعث گندگی سے جراثیم جنم لیتے ہیں اور مکھیاں، زہریلے کیڑے مکوڑے بھنبھناتے نظر آتے ہیں، ملاوٹ شدہ مرچ مصالحہ جات، مربے کیچپ اور دیگر اشیائے خوردنی اندرون شہر سمیت پڑوسی اضلاع میں بھی فروخت کی جاتی ہیں۔

شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ناقص وغیر معیاری مصالحہ جات فروخت کرنے والے موت کے سوداگروں کے خلاف آپریشن کیا جائے تا کہ شہری مہلک امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button