بدبودار گھی سے فرنچ فرائز کی تیاری، خوانچہ فروش معصوم زندگیوں سے بے رحمی سے کھیلنے میں مصروف

جہلم: بد بودار گھی سے فرنچ فرائز کی تیاری، معدے خراب۔ خوانچہ فروش چند ٹکوں کی خاطر معصوم زندگیوں سے بے رحمی سے کھیلنے میں مصروف ہیں۔
سروے کے مطابق شہر کے سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور اکیڈمیوں کے باہر خوانچہ فروشوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ تعلیمی اداروں سے چھٹی کرتے ہی بچے اور بچیاں ان خوانچہ فروشوں کے پاس پیٹ پوجا کرنے کیلئے لپکتے ہیں اور ان سے فرنچ فرائز ، نان ٹکی ، قیمے والی ٹکی، رول سمو سے، آلو چاٹ اور دیگر چٹ پٹی اشیا خرید کر اپنی بھوک مٹاتے ہیں۔
کہنے کو تو یہ سامان بہت لذیذ ہوتا ہے مگر اس کی تیاری میں بدبودار گندہ گھی یا آئل استعمال کیا جاتا ہے۔ جو زائد المعیاد ہونے کے ساتھ مضر صحت ہوتا ہے اور متعدد بار استعمال بھی کیا جاچکا ہوتا ہے اسے دوبارہ کارآمد بنانے کیلئے یہ بے حس افراد ایک خاص قسم کا مصالحہ استعمال کرتے ہیں جس سے تیار کردہ سامان کمسن بچوں کے معدوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہوتا ہے۔ کیوں کہ اکثر و بیشتر بچوں کے معدے نازک ہوتے ہیں۔
دوسری طرف ریڑھی بانوں کا یہ کہنا ہے کہ وہ مفت میں ان اداروں کے باہر کھڑے نہیں ہوتے بلکہ متعلقہ ذمہ داران کے ساتھ معاملات کرنے کے بعد اپنی ریڑھیاں ٹھیلے کھڑے کرتے ہیں۔
زیر تعلیم بچوں کے والدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ناقص و غیر معیاری گھی و آئل استعمال کرنے والے خوانچہ فروشوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کے مطابق کارروائی کرکے انہیں باقاعدہ رجسٹرڈ کیا جائے تاکہ بچے حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق تیار ہونے والی اشیاء خوردونوش استعمال کر سکیں۔