جہلماہم خبریں

جہلم کے شہری اپنے بچوں کی پیدائش کے اندراج کا عمل مکمل کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ

جہلم: ڈپٹی کمشنرنعمان حفیظ نے کہا ہے کہ ضلع میں یونین کونسلز کی سطح پر بچوں کی رجسٹریشن کے عمل کو احسن انداز میں مکمل کیا جائے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کا عملہ اور افسران لوگوں میں آگاہی اور راہنمائی کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کریں تا کہ کوئی بچہ رجسٹریشن سے محروم نہ رہ جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ ڈائر یکٹر لوکل گورنمنٹ سے ضلع میں بچوں کی رجسٹریشن کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کی گئی خصوصی مہم سے معلومات پر بیان دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پیدائش کا اندراج مقامی یونین کونسل میں کروائیں اور محکمہ کی جانب سے شروع کی گئی مہم سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروائیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائر یکٹر لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ بچوں کی رجسٹریشن کے لئے پنجاب حکومت کی ہدایت پر یونین کونسلز کی سطح پر 10 دسمبر سے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے اور یہ مہم 20 دسمبر تک جاری رہے گی لوگوں کی آگاہی اور رہنمائی کے لئے یونین کونسلز کے باہر آگاہی بینرز لگائے ہیں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے نمبر دار، مساجد کے امام اور عمائدین علاقہ کو بھی اس خصوصی مہم میں شامل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ لوگوں کی سہولت اور آسانی کے لئے آگاہی مہم کا دائرہ اختیار بڑھایا جائے لوگوں کو اس مہم میں شامل کرنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ یہ انتہائی اہم ذمہ داری ہے اس مہم کی کامیابی سے ہمیں آبادی اور بچوں سے متعلق اعداد و شمار دستیاب ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button