
جہلم: چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا ہے عمران خان میرٹ پر آرمی چیف کی تعیناتی چاہتے ہیں، بحیثیت مسلمان قیامت کے روز آپ کے اعمال کو دیکھا جائے گا، کسی عدالت، وردی یا کسی دنیاوی منصب کو نہیں دیکھا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف جہلم کے ضلعی صدر چوہدری غلام احمد زمرد نے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 7ماہ سے آئین، دستور، قانون کی پاسداری نہیں کی جا رہی، دین کی تعلیمات میں جو درس دیا گیا ہے اس کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، ملک میں برہنہ دہشت گردی کو فروغ دیا جا رہا ہے، میاں بیوی کے رشتے کا تقدس محفوظ نہیں70 سالہ سینیٹر اعظم سواتی تک کو نہیں بخشا گیا۔
چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کپتان کیساتھ کھڑی ہے اور ہم ہر قربانیاں دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، اب 75 سال والا پرانا پاکستان نہیں رہا، پاکستان کے فیصلے اب لندن امریکہ میں نہیں بلکہ اسلام آباد اور لاہور میں ہوں گے، بند گھروں، ڈیلروں کی تجارت کا باب بند ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قاتلانہ حملے میں عمران خان کا محفوظ رہنا اس بات کی دلیل ہے اللہ تعالی کپتان سے کوئی بڑا نیک کام لینا چاہتا ہے، جب عمران خان کال دیں گے تو جہلم سمیت پورے ملک کے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اسلام آباد پہنچے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔