پنڈدادنخاناہم خبریں

پنڈدادنخان میں بے روزگار نوجوان ٹاور پر چڑھ گیا، خودکشی کی دھمکی، نوکری دینے کا مطالبہ

پنڈدادنخان: بے روزگار نوجوان کی نجی موبائل کمپنی کے ٹاور پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں نوجوان کو اتارنے کیلئے موقع پر پہنچ گئیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ویڈیو کال کریں ورنہ ٹاور سے نیچے نہیں اتروں گا، نوجوان کا نوکری دینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق نوکری نہ ملنے پر پنڈدادنخان کے نواحی علاقہ بھیلوال کا رہائشی 21 سالہ بے روزگار نوجوان محمد آزاد خودکشی کی دھمکی دیتے ہوئے رات گئے کھانے پینے کی اشیاء اور بستر لے کر للِہ انٹرچینج کے قریب نجی موبائل کمپنی کے ٹاور پر نوجوان چڑھ گیا۔

نوجوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری مجھے نوکری دیں ورنہ خود کشی کر لوں گا۔ للِہ انٹر چینج کے قریب ٹاور پر چڑھ کر نوکری کا مطالبہ کرنے والے محمد آزاد کا اب نیا مطالبہ سامنے آگیا، محمد آزاد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ویڈیو کال کے ذریعے سرکاری نوکری کی یقین دہانی کرائیں تب تک نیچے نہیں آوں گا۔

محمد آزاد سکنہ بھیلوال گزشتہ شب للِہ انٹر چینج کے قریب نجی کمپنی کے ٹاور پر چڑھ کر نوکری کا مطالبہ کر رہا ہے جبکہ محمد آزاد کو ٹاور سے نیچے لانے کے لیے مقامی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر ادارے موقع پر موجود ہیں۔

محمد آزاد کے رشتہ داروں کے ذریعے مذاکرات بھی کیے گئے اور محمد آزاد کو محکمہ انہار میں نوکری کیلئے باقاعدہ یقین دہانی کرائی گئی مگر محمد آزاد نے نیچے آنے سے انکار کر دیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان ملک نور زمان انتظامیہ کے ساتھ موقع پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ ٹاور پر چڑھنے والا نوجوان محمد آزاد علی ولد محمد حنیف بھیلووال کا رہائشی ہے اور یہ اس کی ٹاور پر چڑھنے اور خودکشی کی دھمکی کی دوسری کوشش ہے، نوجوان چند ماہ قبل بھی ٹاور پر خودکشی کے لئے چڑھ گیا تھا جس کو اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نے منت سماجت کر کے اتار لیا تھا اور بعد ازاں اس پر مقدمہ درج ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button