ڈاکٹر شاہد سعید قریشی نے بطور پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ کا چارج سنبھال لیا

جہلم: ڈاکٹر شاہد سعید قریشی ایسوسی ایٹ پروفیسر آف کیمسٹری نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ میں بطور پرنسپل چارج سنبھال کر فرائض کی ادائیگی شروع کر دی۔
اس سے پہلے پروفیسر عارف گوندل بطور پرنسپل خدمات سرانجام دے رہے تھے ان کی ریٹائرمنٹ کی تقریب کالج ہذا میں منعقد ہوئی جس میں کالج سٹاف اور ریٹائرڈ پروفیسرز نے عارف گوندل کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے پرنسپل نے خطاب کرتے ہوئے طلباء کے لئے پروفیسر عارف گوندل کی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر شاہد سعید قریشی کا تعلق چک خاصہ ٹاہلیانوالہ کے ایک پڑھے لکھے گھرانے سے ہے۔ انکے دادا مولوی محمد شریف مرحوم ایک استاد حکیم کاتب قرآن اور مذہبی سکالر تھے۔ والد سرکاری ملازم تھے۔ انکے بڑے بھائی اقبال اختر قریشی مرحوم گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی سکول کے ہیڈماسٹرکے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے ۔
ڈاکٹر شاہد سعید نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہلم سے انٹرمیڈیٹ اور بیچلر ڈگری کا امتحان پاس کیا۔ ڈاکٹریٹ کی ریسرچ فرانس کے شہر سٹراسبرگ کی یونیورسٹی سے کی اور ڈگری قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے 2011 میں حاصل کی۔
گورنمنٹ آف پنجاب نے جب 2010 میں کالجز میں بی ایس ڈگری پروگرام شروع کیا تو ڈاکٹر شاہد سعید نے کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ میں اپنی خدمات پیش کیں۔ تقریبا بیس سے زیادہ طلبا نے ڈاکٹر شاہد کی نگرانی میں ریسرچ مکمل کی۔ انکی خاص توجہ اور لگن سے کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کا میرٹ گجرات یونیورسٹی سے بھی زیادہ رہتا ہے۔
2018 میں کالج میں ایک انٹرنیشنل کانفرنس کامیابی سے منعقد کرنے کا سہرا بھی ڈاکٹر شاہد سعید کو جاتا ہے جسکا افتتاح پنجاب ہائر ایجوکیشن کے چیرمین نے کیا اور ملکی اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے کثیر تعداد میں مندوبین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر شاہد سعید کے مطابق دوسری انٹرنیشنل کیمسٹری کانفرنس انشااللہ 28 اور 29 اکتوبر کو کالج میں منعقد ہو گی جس میں پاکستان بھر آزاد کشمیر انگلینڈ سویڈن اور فرانس سے سائنسدان مقالہ جات پیش کریں گے۔ یہ امر واضح رہے کہ یہ کانفرنس اپنی مدد آپ کے تحت طلبا خود منعقد کرواتے ہیں۔ کانفرنس سے طلبا میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کیمسٹری میں جدید رحجانات سے آگاہی بھی شامل ہے۔
پرنسپل ڈاکٹر شاہد سعید قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کالج کے معیار تعلیم میں اضافہ اور نئے تعلیمی پروگرام بھی جلد شروع کئے جائیں گے۔