ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی، جہلم شہر کی سڑکوں پر مویشی منڈیاں سجنے لگیں

جہلم: ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی، شہر کی سڑکوں پر مویشی منڈیاں سجنے لگیں جس کے باعث سڑک پر ہی جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات سامنا ہے، جگہ جگہ مویشیوں کے فضلے کے ڈھیر ، بیماریوں کا باعث بننے لگے۔
اس حوالے سے راہ گیروں اور مسافروں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اندرون شہر کی سڑکوں ، گلی محلوں میں بااثر افراد نے عید قرباں کے لئے جانور باندھ رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کھلے عام قربانی کے جانوروں کی فر وخت جاری ہے، طویل دورانئے تک سڑکیں بلاک رہنے سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے حالانکہ مویشی منڈی کے لیے فوجی مل گراؤنڈاور بلال ٹاؤن گراؤنڈ مختص ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے خالی جگہ پرعارضی مویشی منڈیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔