
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری فراز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کا بگل بجتے ہی پی ٹی آئی میں ٹکٹ کا اعلان ہوتے ہی بظاہر نظر آنے والی دھڑے بندیاں خود بخود ختم ہو جائیں گی اور تمام امیدوار پی ٹی آئی کی جیت اور امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قرب و جوار سے آئے ہوئے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظریاتی ہونے کی حقیقت اس دن کھلے گی جب عمران خان ٹکٹ جاری کریں گے باقی امیدوار قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پارٹی سے وفاداری اور قائد عمران خان کی آواز پر ہر دم تیار رہنے کا حلف دے رکھا ہے۔ عمر ان خان کی کال کا انتظار ہے چیئرمین پی ٹی آئی جب بھی لانگ مارچ کی کال دیں گے جہلم سے ہزاروں کارکنوں پر مشتمل قافلہ اسلام آباد کی طرف رواں دوان ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے اعلان کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، بے ساکھیوں پر کھڑی امپورٹڈ حکومت کو تحریک انصاف کا سونامی خس و خوشاک کی طرح بہالے جائے گا، چیئرمین عمران خان نے حقیقی آزادی کا جو تصور دیا ہے وہ قوم کے دل میں گھر کر گیا ہے۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا سبب بیرونی آقاؤں کے غلام حکمران ہیں قوم کوحقیقی آزادی کیلئے ان غلام حکمرانوں سے نجات دلانا ہو گی۔