جہلم

جہلم میں بصارت سے محروم افراد سے اظہار یکجہتی کے لئے عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی منایا گیا

جہلم: دنیا بھر کی طرح جہلم میں بصارت سے محروم افراد سے اظہار یکجہتی کے لئے عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی منایا گیا۔

ہرسال 15 اکتوبرکو بصارت سے محروم افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے اس دن کو منایا جاتا ہے ۔ پاکستان میں اس دن کو 15 اکتوبر 1965ء سے منانا شروع کیا گیا تھا۔ ابھی تک یہ دن سرکاری سطح پر منایا جا رہا ہے، عوامی سطح پر ابھی تک اس دن کو منانے کی پوری طرح آگاہی فراہم نہیں کی گئی ،سفید چھڑی اس بات کی علامت ہے کہ بصارت سے محروم افراد کو منزل مقصود تک پہنچانے یا راستہ، سڑک عبور کروانے میں مدد کی جا سکے۔

اسی حوالے سے ہفتہ کے روز فضل عبدالغنی روہتاس اسپیشل ایجوکیشن سنٹر مومن میں یہ دن منایا گیا۔ سرکاری طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے ادارے کی طرف سے ھونے والی واک میں شرکت کی۔ ادارہ ہذا کے پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن عزیز اللہ سنبل اور ان کے سٹاف نے بہت اچھے طریقے سے اس واک اور تقریب کا انعقاد کیا۔

اس سادہ مگر پروقار تقریب میں سکول کے نابینا معذور بچوں نے بھرپور شرکت کی، واک کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سفید چھڑی کی اہمیت کے حوالے سے پیغامات درج تھے، واک میں گورنمنٹ فضل عبدالغنی سپیشل ایجوکیشن سکول کے پرنسپل عزیز اللہ خان سنبل، گورنمنٹ سپیشل سکول راٹھیاں جہلم کی پرنسپل میڈم عائشہ اپنے سکول سٹاف کے ہمراہ اس واک میں شریک ہوئیں۔ سماجی کارکن ریاض چوہدری تاثیر محمود سمیت شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، صحافتی تنظیموں کے عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر سکول کے پرنسپل عزیز اللہ خان سنبل کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے افراد کو معاشرے کا کار آمد فرد بنانے کے لئے ان کی بھرپور مدد کرنی چاہئے۔ جب کسی میں قدرتی طور پر کوئی جسمانی کمی آ جاتی ہے تو اللہ رب العزت اسے کوئی نہ کوئی خاص قابلیت عطا کردیتے ہیں۔ ہمیں اس خاصیت قابلیت کو ڈھونڈھ کے پالش کرنا،نکھارنا اور اسے سامنے لانا ہے تاکہ یہ معاشرے کے کارآمد افراد بن سکیں ان پر ترس نہ کھائیں ان کا ساتھ دیں۔

سماجی شخصیات ریاض چوہدری اور چوہدری تاثیر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ انھیں ہنرمند بنائیں تاکہ ایسے افراد کسی پر بوجھ نہ بنیں بلکہ اپنے خاندان کا بوجھ بانٹیں، انھیں اعتماد دیں تا کہ ان میں خودی، خودداری، خوداعتمادی ابھر کے سامنے آئے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button