
جہلم: ڈپٹی کمشنرنعمان حفیظ کی زیر صدارت اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتیں مقرر، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 20 کلو گرام کا آٹے کا تھیلا 1295 روپے جبکہ آٹا 10 کلو گرام کا تھیلا 648 گھی اور کوکنگ آئل چھپی ہوئی قیمت کے مطابق، چاول باسمتی سپرنیا 235 روپے فی کلو گرام ، دال چنا ( موٹی) 180، باریک لوکل 170 ، دال مسور موٹی 210 ، دال ماش دھلی330، دال مونگ دھلی 195 روپے مقرر کی گئی۔
سیاہ چنا (موٹا) 175، کالا چنا باریک 165 ،سفید چنا باریک 250، سفید چنا موٹا 290 روپے کلو، چینی نرخ نامہ بمطابق وفاقی گورنمنٹ، روٹی (100گرام) 15 روپے، روٹی 100 گرام سرکاری آٹا 10 روپے، سادہ نان 120 گرام 20 روپے، چھوٹا گوشت (مٹن )1200، گوشت بڑا ( بیف) 600، دودھ فی لیٹر 125 روپے، دہی135 جبکہ گوشت برائیلر، انڈے، سبزی و پھل وغیرہ کے نرخ مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر جاری کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کولڈ ڈر نک فروٹ جو سز،نمکو اور سکوائش کی قیمت وہی تصور کی جائے گی جو بنانے والی کمپنی نے پرنٹ کی ہوگی، اگر کوئی قیمت پر نٹ نہ ہے تو قیمت انوائس جمع 5فی صد منافع کے حساب سے قیمت لی جائے گی جبکہ قیمت کے حوالے سے اپنی شکایت قیمت پنجاب ایپ یا ٹال فری نمبر 02345-0800 پر درج کروائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ نئی قیمتوں کا تعین تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندوں کی مشاورت، اوپن و ہول سیل مارکیٹ اور پڑوسی اضلاع میں رائج قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تا کہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنا کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر نفاذ اور ان پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا، تاجر برادری اس سلسلہ میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ناجائز منافع خوری قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی، تاجر تنظیمیں اور تاجر رہنماء کمیٹی کے فیصلوں کو نچلی سطح پر منتقل کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں گے۔
اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، ڈی او انڈسٹریز، تاجر تنظیموں کے عہدیداران اور متعلقہ محکموں کے سرکاری افسران شامل تھے۔