
سوہاوہ: تحصیل سوہاوہ کی یوسی نگیال کے مختلف علاقے اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم، یوسی نگیال کے مکینوں نے ایم این اے، ایم پی اے اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لے کر مسائل حل کرنے کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ ہمارے یہ مسئلے حل ہوجائیں تو ہم نئی دنیاپرآجائیں گے۔ اہلیان حلقہ
تفصیلات کے مطابق تحصیل سوہاوہ کی یونین کونسل نگیال کے مکینوں نے سوشل میڈیا پر مہم اور متعلقہ نمائندگان کے نام درخواست دیتے ہوئے کہا کہ یوسی نگیال اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جو ہمارا حق ہے وہ بھی پچھلی حکومت اور موجودہ حکومت نے نہیں دیا۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ ہمارے کچھ مسائل ہیں وہ حل کردیئے جائیں توہم نئی دنیاپر آسکتے ہیں۔ جن میں بنیادی مرکز صحت نگیال برساتی نالے کے کنارے پر ہونے سے بارش کے موسم میں ہسپتال پہنچنا مشکل ہوجاتاہے وہاں کا راستہ پکانہیں۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھی برساتی نالہ میں قائم ہے۔بارش کے دنوں میں سکول تک پہنچنااسٹاف اور بچوں کیلئے مشکل ہوجاتاہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بڑاگواہ سے ڈھوک عالم دین جو یوسی نگیال آفس سے گزرکرجاتی ہے وہ سڑک کارپٹ کی جائے۔ اس طرح اپنی مدد آپ کے تحت بنائی جانے والی کچی سڑکیں جن میں نگیال تاسلحال براستہ ڈھوک لس،سلحال تاپوٹھہ چوہدریاں روڈ کو پکا کیا جائے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بنیادی مرکز صحت میں میڈیکل آفیسر زنانہ اور مردانہ تعینات کیاجائے۔ محکمہ زراعت اور ویٹرینری ہسپتال کو فحال کیاجائے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں اساتذہ کی کمی کو پوراکیاجائے۔ اسی طرح ڈھوک کنبی کو سلحال کی طرف یا بھیٹ کی طرف سڑک اور دربار باباشاہ فاضل بخاری سرکار کی طرف جانے والی سڑک کو تعمیر کیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ ہمارے جو حق پر مبنی مسائل ہیں حل ہو جاتے ہیں تو ہم اپنی نمائندوں کے شکرگزار ہوں گے اور دعاؤں میں یاد رکھے گے، ان مسائل کی وجہ سے علاقہ ترقی نہیں کر پا رہا۔