جہلم

جہلم شہر اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں اور خوبرو بھکارنوں کی یلغار، شہری پریشان

جہلم: شہر اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں اور خوبرو بھکارنوں کی یلغار، آئے روز جیب تراشی کی وارداتوں کے دوران بازاروں ، مارکیٹوں میں شہری بالخصوص خواتین اپنے مال و زر سے محروم ،خریداری کئے بغیر خواتین خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران غائب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے بازاروں ،شاپنگ سنٹروں، ہسپتالوں، تفریح گاہوں، گلی محلوں اور خصوصاً بازاروں میں رش کے دوران خریداری کیلئے آنے والے شہریوں جن میں خواتین کو دوران خریداری یا دوران سفر جیب تراش خواتین ہاتھ کی ’’صفائی‘‘ سے نقدی ، موبائل، طلائی زیورات وغیرہ سے محروم کر دیتی ہیں۔

بین الاضلاعی بھکاریوں جن میں زیادہ تر تعداد خواتین اور ان کے ہمراہ بچوں کی ہوتی ہے بھیک مانگنے کی آڑ میں وارداتوں کی شکل میں اپنی کارروائیوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں اور بھکاریوں کی ٹولیوں کی بھرمار پلازوں، مارکیٹوں میں موجود جیب تراش اور نوسر باز وارداتیں کر کے چند لمحوں میں آنکھوں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔

اس طرح خریداری کے لئے آنے والے افراد بغیر خریداری کے خالی ہاتھ گھروں کو واپس لوٹ جاتے ہیں اور خوبرو بھکارنوں نے بھیک مانگنے کی آڑ میں شہر کے مختلف مقامات پر بالائی منزلوں میں کمرے لے رکھے ہیں جہاں سادہ لوح دیہاتوں سے آنے والے نوجوانوں کو ورغلا کر لے جاتیں ہیں اور ان کی جیبیں خالی کر کے انہیں بھاگنے پر مجبور کرتی ہیں۔

شہریوں نے ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے روڈ ، جنرل بس اسٹینڈ ، اور دربار سلیمان پارس ،شانتی نگر کے نزدیک قائم ہونے والے بھکاریوں کے ڈیروں کو ختم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تا کہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button