جہلم شہر کی سٹرکیں،گلیاں، نالیاں، سیوریج نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہری پریشان

جہلم: ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی ، اندرون شہر کی سٹرکیں ،گلیاں ، نالیاں، سیوریج نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار، کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ، قبرستان روڈ سمیت اندرون شہر کے علاقوں کی گلیاں ، نالے بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منتخب ممبران اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کیوجہ سے اندرون شہر کے گلی محلوں کی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں ، شہر کی سڑکوں جن میں کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈ، قبرستان چوک روڈ ، ڈھوک جمعہ روڈ ، بلال ٹاؤن سمیت اہم سڑکیں گلیاں اور سیوریج کا نظام بری طرح درہم برہم ہوچکا ہے جس کیوجہ سے گٹروں کا گندہ پانی سڑکوں ، گلی محلوں میں جمع ہونے سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ن لیگ کے دور میں جب سیوریج سسٹم کے منصوبے پر کام شروع ہوا تو منتخب ممبران نے معیاری کام کروانے کی بجائے اپنی کمیشن وصول کرنے کی غرض سے شہر کے گلی محلوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ذمہ داران اور ٹھیکیداروں نے ناقص منصوبہ بندی کے تحت سیوریج لائنیں بچھائیں۔
اس طرح چند ماہ بعد ہی سیوریج پائپ لائنیں ناقص حکمت عملی کیوجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں اور تعمیر ہونے والی سڑکیں بھی زمین بوس ہونا شروع ہو گئیں ، اس طرح کروڑوں روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ذمہ داران مال بناؤ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہونے کیوجہ سے شہری آج بھی اس عذاب کو بھگت رہے ہیں ۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ سیوریج لائنیں درست کرواتے ہوئے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی سڑکوں اور گلیوں کو از سر نو تعمیر کروایا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔