جہلم: خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میاں نوازشریف کو سازش کرکے نکالا گیا، اس سازش کا حصہ ججز اور جرنیل تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کیسے انتخاب سے بھاگ سکتی ہے ہم نے آگ کے شعلوں پر بھی مقابلہ کیا ہے۔
جہلم میں خواجہ سعد رفیق نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم نے ہمیشہ میاں نوازشریف کا ساتھ دیا ہے، جب بھی سیاسی معرکے کی ضرورت پڑی تو جہلم نے صف اول کا کردار ادا کیا۔ میاں نوازشریف کو سازش کرکے نکالا، اس سازش کا حصہ ججز اور جرنیل تھے۔ جی ٹی روڈ پر جہلم نے نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں عوام نے تیسری بار ن لیگ کو حکومت بناکر دی، لیکن نوازشریف کو مدت پوری کرنے نہیں دی، حالانکہ نوازشریف قوم اور ملک کو اجالوں کی طرف لے جارہے تھے، 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو زیرو کیا، کاروبار کا پہیہ چلایا، سی پیک لاکر دیا۔
سعد رفیق نے کہا کہ لیکن پھر سوچا گیا کہ نوازشریف کو مقبول نہیں ہونے دینا اور سازش کرکے گالیاں دینے والے عمران خان کو مسلط کیا۔ مسلط کرنے والوں نے سوچا نہیں کہ پاکستان کیسے چلے گا۔ یہ نہیں سوچا کہ بھارت کہاں سے کہاں جارہا ہے اور پاکستان کہاں جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سوال ہے کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو کیوں آرہے ہیں، سوال تو یہ ہے کہ ملک کے منتخب وزیراعظم کو جلا وطن کیوں ہونا پڑتا ہے، 2018ء میں افسوسناک تجربہ کیا گیا، سازش کے تحت غیرسنجیدہ آدمی کو مسلط کیا گیا، مسلط کرنے والوں نے یہ نہیں سوچا لوگوں کا روزگار کیسے چلے گا، ایک بہروپیے کو کینیڈا سے بلا کر پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ ملک میں بہت سے تجربات کئے گئے، الیکشن میں لوگ منتخب نمائندوں کو ووٹ دیتے ہیں، ہم اسمبلی میں جاتے ہیں باہر اسمبلی کا گھیراؤ کرا دیا جاتا ہے، حکومت کو چلنے نہیں دیا جاتا اور پھر کہا جاتا ہے ہم چور ہیں، چور، آئین شکن وہ ہیں جو حکومتوں کو چلنے نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ منتخب وزرائے اعظم کو جلاوطن کیوں ہونا پڑتا ہے، یہ ایک بار نہیں بلکہ بار بار ہوا ہے، مرضی کے لوگ مسلط کیے گئے، 2018 میں بھی افسوسناک تجربہ کیا گیا اور مقبول سیاسی قیادت کو داغ داغ کیا گیا۔
لیگی رہنماء عطاء تارڑ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں واحد امید کی کرن نواز شریف ہے، نواز شریف پہلے بھی اپنی بیٹی کیساتھ واپس آئے اور بےگناہ ہوتے ہوئے بھی نواز شریف نے گرفتاری دی۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے کوئی غرض نہیں جبکہ نواز شریف کو ملک سے اندھیرے ختم کرنے ، بیروزگاری ختم کرنے اور پاکستان کو ایک بار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سے غرض ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہلم کے عوام اکیس اکتوبر کو تمام کارکنان چار بجے تک لاہور پہنچ جائیں، اکیس اکتوبر نواز شریف کا دن ہے اور وہ ہی خطاب کریں گے۔
لیگی رہنماء عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ نواز شریف کو جتنی محبت جی ٹی روڈ سے ملی ہے کہیں سے نہیں ملی، 21 اکتوبر ہماری الیکشن کمپین ہے اور اسی دن فیصلہ بھی ہو جائے گا۔