لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن میں محفل میلاد النبی ﷺکا اہتمام کیا گیا۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم اور آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن (APWA) یوکے چیپٹر نے مشترکہ طور پرمحفل میلاد النبی ﷺکا اہتمام کیا۔ محفلِ میلادﷺ کی اس تقریب میں نعت رسول مقبولﷺ پیش کی گئیں جس میں نبیﷺ کی شفقت، رحمت اور انسانیت سے محبت کے فضائل کو اجاگر کیا گیا۔
محفل میلادﷺ کی اس تقریب میں برٹش پاکستانی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہائی کمشنر کی اہلیہ نے اپنے ابتدائیے میں میلاد النبی ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر سارہ نے کہا کہ میلاد النبیﷺ صرف نبی اکرم ﷺکی ولادت کا جشن نہیں ہے بلکہ ا س سے ہمیں آپ ﷺ کی زندگی اور تعلیمات پر غور کرنے اور رحمدلی، انصاف اور عاجزی کو فروغ دینے کا بھی درس ملتا ہے۔ ڈاکٹر سارہ نے تعلیم، سماجی انصاف اور سب سے منصفانہ سلوک کیلئے پیغمبر اکرمﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے پر بھی زور دیا ۔
محفل میلادﷺ کی اس تقریب سے خطاب میں دیگر خواتین مقرر نے حضرت محمدﷺ کے مثالی کردار، حسن سلوک اور ہمدردی جیسے اوصاف بیان کئے، انہوں نے کہا کہ آج کی منقسم دنیا میں حضرت محمدﷺ کا اتحاد، امن اور ہمدردی کا پیغام ہمیں انتہا پسندی یا تشدد کے بجائے انصاف، رواداری اور افہام و تفہیم کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
محفل میلاد کی تقریب کے آخر میں فلسطینی عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں جنہیں کئی دہائیوں سے جارحیت کا سامنا ہے،اس موقع پرغزہ کی خواتین اور بچوں کی سلامتی کیلئےدعا کی گئی۔