
سوہاوہ: محکمہ صحت کے ذمہ داران کی غفلت نے انسانی جانوں کو ڈینگی کے حوالے کر دیا، سوہاوہ میں ڈینگی کے تابڑ توڑ حملے، اب تک درجنوں مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص کا انکشاف، سرکاری لیبارٹریوں میں ڈینگی کے ٹیسٹوں کے لیے شہریوں کو ٹالا جانے لگا، شہریوں میں شدید تشویش انتظامیہ لمبی تان کر سو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ شہر سے ڈینگی کے مریضوں میں خطرناک اضافے کے بعد شہریوں کو شدید تشویش لاحق ہو چکی ہے جبکہ محکمہ صحت کے ذمہ داران کی طرف سے مسلسل خاموشی اختیار کر کے شہریوں کی زندگی سے کھیلا جا رہا ہے۔
سوہاوہ شہر سمیت گردونواح کے دیہاتوں میں اب تک درجنوں مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہو چکی ہے۔شہریوں کی طرف سے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے مسلسل خاموشی پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا جبکہ سوہاوہ میں ڈینگی سے اب تک تین سے زیادہ اموات کی بھی اطلاعات ہیں، انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی محلے میں کوئی سپرے نہ کیا گیا ہے جس پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی ڈینگی ٹیسٹوں کے لیے مریضوں سے ٹال مٹول کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔