دینہ

اللہ کریم سے دعوی محبت بھی ہو اور پھر شکایت بھی، یہ محبت نہیں سودے بازی ہو گی۔ امیر عبدالقدیر اعوان

دینہ: امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ محبت میں شکایت نہیں ہوتی، اللہ کریم سے دعوی محبت بھی ہو اور پھر شکایت بھی، یہ محبت نہیں سودے بازی ہوگی۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوا ن پاکستان کا جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم سے صحیح معنو ں میں محبت تب ہی ہو سکتی ہے جب بندہ اللہ کریم سے دنیاوی شکایتوں کا اظہار نہ کرے۔روز محشر جب اللہ کریم کے حضور پیش ہوں گے تو راہنما اپنے پیروکاروں سے لا تعلقی کا اظہار کریں گے کہ ان کے اعمال ان کے خود اختیار کردہ ہیں اور اسی طرح پیروکار کہیں گے کہ کاش ہمیں دوبارہ دنیا میں جانے کا موقع ملے تو ہم ان سے بیزاری کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کریم سے محبت تمام محبتوں پر حاوی ہونی چاہیے۔ آج ضرورت ہے کہ ہم ذاتی خواہشات سے باہر نکلیں اور بندگی کے رشتے کو سمجھیں اللہ کریم کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے کہ ہمیں بندگی کا رشتہ عطا فرمایا ہمیں اپنے مقصد حیات کو سمجھنے کی ضرورت ہے اللہ کریم سے جو تعلق ہے وہ تمام تعلقات سے فضیلت پر ہو جب بندہ مومن کا رشتہ اللہ کریم سے تمام رشتوں سے فضیلت پر ہو گا پھر دل میں شیطان وساوس نہیں ڈال سکے گا پھر ہمارے اند ر شکایات نہیں رہیں گی۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ یہ جو آج کل سننے کو ملتا ہے کہ میں نمازبھی پڑھتا ہوں پھر بھی تنگدستی ہے میں درودشریف بھی پڑھتا ہوں پھر بھی گھر سے بیماری نہیں جاتی یہ شکایات صرف اس لیے ہیں کہ ہمارا اللہ کریم سے تعلق بہت کمزور ہے اللہ کریم کی عطائیں دیکھیں پھر خود کو دیکھیں کہ کیا اللہ کریم کے احکامات کو مانا جا رہا ہے۔کیا میری سوچ اور اعمال اللہ کے حکم کے مطابق ہیں اگر ایسا ہے تو الحمد للہ اگر ایسا نہیں تو پھر اپنے دعوی محبت پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی یاد سے خالی قلوب میں شیطان وساوس ڈالتا رہتا ہے اور جو انسانوں میں شیطان ہیں وہ بہت ہی برے ہیں خود کو دیکھیں کہ ہم کس کی پیروی کر رہے ہیں اگر آپ کا راہنما حق پر نہیں ہے تو ابھی سے خود کو ان سے الگ کر لو کیونکہ روز محشر یہ آپ سے لا تعلقی کا اظہار کریں گے آج وقت ہے کہ جو حق پر نہیں ان سے لا تعلق ہو جاؤ۔ اللہ کریم صحیح شعور عطاء فرمائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button