جہلم

سول ہسپتال جہلم کے داخلی دروازے پر موبائل فون سمز فروخت کرنیوالوں نے لوگوں کو پریشان کرنا معمول بنا لیا

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کے داخلی دروازے پر موبائل فون سمز فروخت کرنیوالے نوجوانوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سمیت راہگیروں کو پریشان کرنا معمول بنالیا، خصوصاً خواتین کو آوازیں دیکر روک کر موبائل سمز لینے پر مجبور کرنے لگے، انکار کرنیوالی خواتین اور سادہ لوح شہریوں سے تلخ کلامی روزکا معمول بن چکا ہے ،جس کیوجہ سے داخلی دروازے پر ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہو رہاہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں قائم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے داخلی دروازے پر مختلف موبائل فونز کمپنیوں کی سمز فروخت کرنے والے نوجوانوں نے مستقل بنیادوں پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں ، سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو روک کر سمز فروخت کرنے کا فیشن عام ہو چکاہے ، جس کیوجہ سے سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ بلا وجہ شہریوں کو تنگ کرنے والے مختلف موبائل فون کمپنیوں کے کارندوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ شہریوں نے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ سول ہسپتال سمیت شہر کے چوک چوراہوں میں موبائل سیمز فروخت کرنے اور شہریوں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button