دینہ کے علاقہ بوہڑیاں کی سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی، عوام علاقہ سراپاء احتجاج

دینہ: بوہڑیاں روڈ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی، حکمرانوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے سڑک کا ستیاناس ہوگیا، بوہڑیاں روڈ کا ایک فٹ حصہ بھی ٹھیک نہیں، جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں، عوام علاقہ سراپاء احتجاج۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کے گاؤں بوہڑیاں روڈ منارہ پلی تا رانجھا میرا تک کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے، جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں، پیدل سفر کرنا بھی دشوار گزار ہو چکا ہے۔ بارش کے دنوں میں تو سڑک دریا کا منظر پیش کرتی دکھائی دیتی ہے۔
موٹرسائیکل سواروں سمیت رکشہ ڈرائیور حضرات اور پیدل چلنے والوں کا راستہ تقریباً ختم ہو جاتا ہے چونکہ بوہڑیاں روڈ پر درجنوں دیہات آباد ہیں اور لاکھوں افراد رہائش پذیر ہیں، سڑک خراب ہونے کی وجہ سے بے چارے علاقہ مکین پریشان حال ہیں۔
عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دنوں میں اس مرتبہ جب ووٹ مانگنے امیدوار آئیں گے تو ان سے ہم اپنی تکالیف کا بدلہ لیں گے، وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے علاقہ میں سہولیات نہ ملنے کا جواب مانگیں گے۔
عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ ہم مشکل سے اسی ناقص سڑک سے گزر رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ جو طلبہ وطالبات سکولوں کالجوں میں جانے کے لئے جس خواری سے اپنے سکول پہنچتے ہیں اس کا بھی حساب لیں گے، انتخابات میں اسی کو ووٹ ملے گی جو اس سڑک کو تعمیر کے ساتھ ساتھ علاقہ میں تعمیر و ترقی کے اقدامات کریں گے۔