
جہلم: میونسپل کمیٹی کا بازاروں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن محض ڈھونگ ہی نکلا، تین دن سے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع تو ہو چکا تھا لیکن بلدیہ کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے یہ آپریشن محض ایک ڈھونگ ہی نکلا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں بازاروں میں تجاوزات کے خلاف بلدیہ کا آپریشن ایک رسمی کارروائی کے طور پر ہی ہو رہا ہے، تجاوزات کے خلاف اہلکار گاڑی لے کر نکلتے ہیں تو اپنے بڑے آفیسر کو وقتی طور پر اپنی کارروائی دکھاتے تو ضرور ہیں لیکن وہ صرف رسمی طور پر ہی ہوتی ہے جبکہ اعلیٰ افسران بھی دفاتر تک ہی محدود رہتے ہیں۔
بازاروں میں دکاندار بلدیہ کی گاڑی کو واپس جاتے دیکھتے ہی دوبارہ اپنا سامان دکانوں کے باہر لے آتے ہیں جبکہ ریڑھی بان اور اسٹال بھی دوبارہ لگ جاتے ہیں۔
اس موقع پر شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کے اہلکار جب تک ایمانداری سے کام نہیں کریں گے، یہ آپریشن محض رسمی طور پر ہی نظر آئے گا جبکہ آپریشن شروع ہونے سے پہلے بلدیہ کے مخبر اہلکار دکانداروں کو خود فون کرتے ہیں کہ وقتی طور پر اپنا سامان اٹھا لیں تو پھر یہ کیسا آپریشن ہے جو صرف اور صرف شہریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہی ہوتا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے۔