جہلم شہر کے سکولوں، کالجز کے باہر گندگی کے ڈھیر، موذی امراض پھوٹنے کا اندیشہ

جہلم: شہر کے سکولوں، کالجز کے باہر گندگی کے ڈھیر، موذی امراض پھوٹنے کا اندیشہ، شہریوں کا ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں قائم سرکاری و نجی سکولوں کالجوں کے داخلی و خارجی راستوں کے اردگرد کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، نالیوں کا گندا پانی جمع ہونے سے طلباء و طالبات کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علاقہ مکینوں سمیت سکولوں کالجوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو اس اہم مسئلے پر توجہ مرکوز کروانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز اور سکولوں، کالجوں میں بطور خاکروب بھرتی ہونے والے ملازمین کو تواتر کے ساتھ صفائی ستھرائی کرنے کا پابند بنایا جائے تا کہ سکولوں کالجوں میں آنے والے طلبہ و طالبات بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔