پنڈدادنخاناہم خبریں

للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبہ علاقے کے عوام کی قسمت بدل دے گا، چوہدری فواد حسین

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبہ کی تکمیل سے چکوال، خوشاب، منڈی بہاؤ الدین، گجرات اور میر پور کے علاقوں سے رابطہ قائم ہوگا، منصوبے کی تکمیل سے سیاحت کو فروغ ملے گا، فصلوں کو مارکیٹ تک رسائی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں 128 کلو میٹر طویل جہلم ۔ للہ ڈوئل کیرج وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، منتخب نمائندگان اور جہلم کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر قیادت ملک میں صنعتی انقلاب جاری ہے، ہم نے تعمیراتی صنعت بحال کی، ٹیکسٹائل صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، آج ہماری صنعتیں پوری استعداد کے ساتھ کام کر رہی ہیں، 2017ءکے مقابلے میں 2021ءمیں بننے والی سڑکوں پر آنے والی لاگت آدھی ہے، ہم نے کرپشن سے پاک منصوبے شروع کئے جن پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہلم شہیدوں اور غازیوں کا علاقہ ہے، ہمارے قبرستانوں سے شہیدوں کے لہو کی خوشبو آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے اس علاقے کی لاج رکھی ہے تو وہ وزیراعظم عمران خان ہیں، عمران خان جب جہلم تشریف لائے تو انہوں نے نہر کے منصوبہ کا افتتاح کیا جو پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اس نہر کی تعمیر کے بارے میں ملکہ برطانیہ نے 1906ءمیں ڈپٹی کمشنر جہلم کو خط لکھا تھا، 1906ءکے بعد وزیراعظم عمران خان نے اس منصوبے کو 2020ءمیں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مجھ سے زیادہ جہلم اور پنڈ دادنخان کو جانتے ہیں۔ تین سڑکیں نارتھ پنجاب روڈ نیٹ ورک تشکیل دیتی ہیں، منگلا میرپور روڈ ڈوئل کیرج وے بن گئی ہے، کشمیر سے ساری ٹریفک کو اس روڈ تک رسائی مل گئی ہے، جہلم للِہ روڈ کے ذریعے جی ٹی روڈ موٹر وے سے منسلک ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کو لاہور یا راولپنڈی جانا نہیں پڑے گا، کشمیر کے لوگ اس سڑک کے ذریعے موٹر وے تک رسائی حاصل کر سکیں گے جس سے کئی گھنٹوں کا سفر بچ سکے گا۔ سیالکوٹ موٹر وے کو راولپنڈی تک توسیع دینے کا فائدہ چکوال، جہلم، میرپور اور گجرات کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کو بھی ہوگا۔ اسلام آباد میں گرین ایریاز تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، یہ سڑک بننے سے اسلام آباد کو ملحقہ علاقہ دستیاب ہوگا جس سے بڑی آبادی مستفید ہو سکے گی۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے اس طرح کے منصوبوں کے بارے میں کسی نے نہیں سوچا تھا، ماضی میں سڑکوں کے منصوبوں میں کمیشن حاصل کئے گئے، ان منصوبوں میں اپنے لوگوں کو نوازا گیا، 2021ءمیں بننے والی سڑک پر آنے والی لاگت 2017ءکے مقابلے میں آدھی ہے۔ آج کرپشن سے پاک سڑکوں کے منصوبے جاری ہیں، ان منصوبوں پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ملک میں صنعتی انقلاب برپا کیا، تعمیراتی صنعت بحال کی، ٹیکسٹائل کی صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، آج ہماری صنعتیں پوری استعداد سے چل رہی ہیں، کسانوں کو ان کی فصل کی پوری قیمت مل رہی ہے، یہ ایسے اقدامات ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کی 70 سالہ خرابیوں کو دور کرنے کی جدوجہد کی، پاکستان کے باشعور عوام کا آج کوئی لیڈر ہے تو وہ عمران خان ہیں۔ کراچی سے خیبر تک اور گوادر سے لاہور تک عمران خان کا ووٹ بینک موجود ہے۔ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو پاکستان کی بات کرتی ہے، ہم نے کبھی فرقہ واریت اور صوبائیت پر مبنی سیاست نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے آئندہ چند سالوں میں جہلم سمیت دیگر علاقوں کی اکانومی تبدیل ہو جائے گی، سیاحت کو فروغ ملے گا، منصوبے کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button