میونسپل کمیٹی جہلم کے متعدد علاقوں میں تاحال پانی تاحال کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد ہو گیا،میونسپل کمیٹی کے متعدد علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا،گندگی سے بھرے نالے اور گلیوں کی نالیوں کے گندے پانی نے مکینوں اور راہ گیروں کیلئے مشکلات پیدا کر دیں۔
دو روز قبل ہونے والی موسلا دھار بارش اور تیز ٹھنڈی ہواؤں نے موسم یکسر تبدیل کر دیا ہے ، سردی بڑھنے سے شہریوں نے گیس ہیٹر اور لکڑیاں جلانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ،موسلادھار بارش کے باعث میونسپل کمیٹی کے علاقوں جن میں کریم پورہ ، پولیس لائن ، کشمیر کالونی ، کالا گجراں ، بلال ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بنے نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے سے گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔
بارش کا پانی مختلف مقامات پرکھڑا ہونے سے مکینوں اور راہ گیروں کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مذکورہ سڑکوں پر سے گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی آمد ورفت سے گندے پانی کے چھینٹے پڑنے سے شہریوں کے کپڑے خراب ہورہے ہیں۔
ان علاقوں کے مکینوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کا شعبہ صفائی کا عملہ بروقت صفائی نہیں کرتا جس کیوجہ سے نکاسی آب کے نالے بند ہو چکے ہیں ، میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو چاہیے کہ نکاسی آب کے نالوں کی صفائی کروائیں تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔