کھیوڑہ: معروف صحافی محمد شعیب کھوکھر نے بھی حلقہ پی پی 27 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے

کھیوڑہ: پنجاب کے صوبائی الیکشن برائے 2023، کھیوڑہ کے معروف صحافی محمد شعیب کھوکھر نے بھی حلقہ پی پی 27 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل پنڈدادنخان کے تمام عہدیداران جن میں سید اعجاز حسین شاہ، ملک اجمل حسین اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
محمد شعیب کھوکھر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کی پسماندگی اور علاقہ کے مزدوروں کے مسائل کے خاتمے کے لئے سیاست کے میدان میں آیا ہوں۔ گزشتہ ادوار میں اس تحصیل اور اس کے باسیوں کے حقوق سے جو کھلواڑ کیا گیا، انشاءاللہ کامیاب ہو کر اس کا حساب لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی قیادت نے کھیوڑہ کو جان بوجھ کر اگنور کئے رکھا اور کئی دیرینہ اور پیچیدہ مسائل سے نظریں چرائے رکھیں، خاص کر ڈنڈوت کے محنت کشوں کے روزگار پر ان کے دور میں جو لات ماری گئی، اس میں فواد چوہدری سرمایہ داروں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شعیب کھوکھر نے کہا کہ وادی توبر کا سانحہ کے زخم کھیوڑہ کے مکینوں کے دلوں میں ابھی تک تازہ ہیں جس پر موصوف پرسہ تک نہ دے پائے۔ بائی پاس روڈ کے حوالے سے چلائی گئی کھیوڑہ کے لوگوں کی مہم کو بھی سبوتاژ کر کے کسی مزید سانحے اور حادثے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کے بعد تحصیل کی پسماندگی کے خاتمے کے لیئے اپنی عوام کے شانہ بشانہ رہوں گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالا ہوں اور ہائی کمان سے امید رکھتا ہوں کہ وہ اعتماد کے قابل سمجھیں گے، جو بھی صورت حال ہوئی عوامی خدمت کا تہیہ کر رکھا ہے۔ برادری کے ساتھ ساتھ دوستوں اور حلقہ احباب نے بھی میرے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔