جہلم

غربت، مہنگائی و بیروزگاری کے سبب عام آدمی کا جینا محال ہو چکا ہے۔ شہری حلقے

جہلم: غربت، مہنگائی و بیروزگاری کے سبب عام آدمی کا جینا محال ہو چکا ہے، مشکلات ہیں کے تھمنے کا نام نہیں لے رہیں ان حالات میں صرف 2 وقت کی روٹی کا حصول ہی رہ گیا۔

ان خیالات کا اظہار شہریوں نے صحافیوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پالیسیاں بنانے والوں نے عام اور غریب عوام کو تو فراموش کر رکھا ہے اشیائے خوردونوش سمیت ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں پیٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کی قیمتوں نے عام آدمی کو شدید متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے تو غریب کو کہیں کا نہیں چھوڑا جبکہ ماہانہ چند ہزار کمانے والوں کے دس سے پندرہ ہزار روپے یوٹیلیٹی بلوں میں خرچ ہو جاتے ہیں، ایسے حالات میں غریب، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے اولاد کی تعلیم و تربیت پر بھی توجہ نہیں دے سکتے، اسی طرح بیماری میں علاج معالجہ کے لئے ادویات کا انتظام تو عام آدمی کے لئے خواب بن کر رہ گیا ہے۔

شہریوں نے کہا کہ حکمرانوں کو سادگی و کفایت شعاری اپنانے اورقرضوں سے چھٹکارے سے معاشی استحکام ممکن ہو سکتا ہے ، آئی ایم ایف کی کٹھن شرائط پر قرض اور اس کے نتیجے میں ہو نیوالی مہنگائی نے عوام کو اذیت و تکلیف سے دو چار کر رکھا ہے ایسے میں 2 وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قرضوں سے نجات کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے سستی بجلی کے حصول کا انتظام کرے اور بند ہونے والے صنعتوں کو دوبارہ سے فعال بنائے تاکہ نجی فیکٹریوں میں کام کرکے مزدور طبقہ اپنے بیوی بچوں کو 2وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button