میونسپل کمیٹی جہلم کا انسداد تجاوزات آپریشن محض کاغذی کارروائیوں تک محدود ہو کر رہ گیا

جہلم: وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری جگہیں واگزار کروانے اور شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے واضح احکامات کے باوجودمیونسپل کمیٹی کا انسداد تجاوزات آپریشن محض کاغذی کارروائیوں تک محدود ہو کر رہ گیا ،تاجر و ریڑھی مافیا نے شہر کی سڑکوں کے اطراف ڈیرے ڈال لئے ،میونسپل کمیٹی کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی، شہر کی سڑکوں کو ریڑھی بانوں نے قبضے میں لے لیا، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی سڑکوں ، چوک چوراہوں میںریڑھی بانوں نے قبضے جما لئے میونسپل کمیٹی کا شعبہ انسداد تجاوزات بھی مصلحت کا شکار ہو گیا، سیاسی نمائندے شہر کو صاف کرنے کی بجائے تجاوزات مافیا کی سرپرستی کرنے میں مصروف ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اندرون شہر کی اہم سڑکوں اور چوک چوراہوں پر ریڑھی بانوں نے قبضے جما رکھے ہیں میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ تجاوزات کو ختم کروانے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ، جس کیوجہ سے سڑکوں پر سے گزرنے والے شہریوں ، ایمبولنسسز ، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
میجر اکرم شہید کی یادگار کے باہر ریڑھی بانوں نے قبضہ کرکے گاڑیوں کی پارکنگ کو ختم کرکے رکھ دیا ہے ، جبکہ چوک روہتاس ، اولڈ جی ٹی روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، کمیلا روڈ، سول لائن روڈ ، پولیس لائن، تحصیل روڈ، ریلوے روڈ، جادہ روڈ، قبرستان روڈ، عید گاہ رو ڈ ، بلال ٹاؤن ، کالا گجراں، چونترہ ، کھرالہ سمیت دیگر سڑکوں پر تجاوزات مافیا کا مکمل قبضہ ہے۔
حکام کی چشم پوشی کے باعث پچھلے کئی ماہ سے عارضی کارروبار کرنے والے افراد نے مستقل بنیادوں پرسٹالزقائم کرکے قابض ہو چکے ہیں تجاوزات کی ذد میں ہونے کیوجہ سے اندرون شہر رہائشی علاقوں سمیت شہر کی مین سڑکیں طویل دورانئے تک بلاک رہتی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس بھی بیشتر مقامات سے غائب رہتی ہے ، خوانچہ فروشوں اور ریڑھی بانوں کے مطابق وہ ایک ریڑھی ، سٹال یا چھابہ لگانے کے عوض انسداد تجاوزات کے عملے کو باقاعدہ حصہ دیتے ہیں۔
شہریوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ اندرون شہر قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے انسداد تجاوزات عملے کو متحرک کیا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔