ملک میں بدترین مہنگائی انسانی جانوں کو نگل رہی ہے۔ چوہدری مہربان حسین
جہلم: شہر کی معروف کارروباری شخصیت چوہدری مہربان حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بدترین مہنگائی انسانی جانوں کو نگل رہی ہے، آٹا انسانی جان اور عزت سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ غریب کو روٹی کے بجائے طفل تسلیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی اور کم آمدنی کے سبب بدترین غذائی بحران جنم لے رہا ہے۔ آبادی کی اکثریت کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہو چکا ہے۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے سارا ملک مہنگائی کی لپیٹ میں آچکا ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں بھوک، افلاس، غذائی قلت عام ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف عالمی ادارہ خوراک کہہ رہا ہے کہ کم از کم ڈیڑھ کروڑ پاکستانیوں کو فوری طور پر پیٹ بھرنے کے لئے مدد اور ستر لاکھ بچوں کو ہنگامی طور پر غذائیت کی ضرورت ہے جبکہ دوسری طرف اشرافیہ نے قومی خزانے میں جھاڑو پھیر دیا ہے جس سے عوام کو علاج معالجے، تعلیم، پینے کے صاف پانی سمیت کوئی سہولت میسر نہیں، تاہم حکمران جھوٹی طفل تسلیاں اور سبز باغ دکھانے میں مصروف ہیں۔ مہنگائی کم کرنے کے لئے برسراقتدار آنے والی حکمران جماعت نے ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں ، پٹرول 282 روپے لیٹر اور آٹا 160 روپے کلو میں فروخت کیا جارہاہے۔
چوہدری مہربان حسین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکمرانوں سے پاکستانی عوام کی جان چھڑائی جائے، آزاد انتخابات کا انعقاد ہی مہنگائی کے خاتمے کا حل ہے ۔