جہلم

جہلم میں دودھ کی شکل میں سفید زہر کی سر عام فروخت، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خاموشی اختیار کر لی

جہلم: شہر اور گردونواح میں دودھ کی شکل میں سفید زہر کی سر عام فروخت جاری ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران واہلکاروں نے خاموشی اختیار کر لی، شہری موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں غیر معیاری اور ملاوٹ والے دودھ کے فروخت سر عام جاری ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و ملازمین نے ناقص و غیرمعیاری دودھ فروخت کرنے والے گوالوں کے دودھ کی سیمپلنگ کرنے کو بھلا دیا جس کی وجہ سے مضافاتی علاقوں سے دودھ فروخت کرنے کے لئے آنے والے گوالے شہر کے گلی محلوں میں زہریلے کیمیکلز سے تیار دودھ شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔

شہر میں جگہ جگہ دکانوں پر خالص دودھ ، دہی کے نام پر موت فروخت کی جا رہی ہے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و اہلکار موت کے سوداگروں کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں سمیت معمر بزرگ اور شہری ناقص و غیر معیاری دودھ کے استعمال سے موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و اہلکاروں نے گوالوں کو چیک کرنے کی بجائے معاملات طے کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے چیک اینڈ بیلنس کا نظام ناکارہ ہو چکا ہے۔

شہریوں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب ، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران کو ضلع بدر کیا جائے اور ملاوٹ شدہ دودھ ، دہی فروخت کرنے والے شیر فروشوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔تاکہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق دودھ کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button