دینہ کے تاجر نے راہ اللہ کے لیے اپنی دوکان سے مسجد کو راستہ دے دیا

دینہ میں تاجر نے راہ اللہ کے لیے اپنی دوکان سے مسجد کو راستہ دے دیا، تاجر رانا محمد الیاس نے مین بازار کمرشل مارکیٹ میں واقع اپنی قیمتی دوکان کو توڑ کر راستہ مسجد کے لیے وقف کیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے تاجر رانا محمد الیاس نے اللہ کو راضی کرنے کے لیے اپنی قیمتی دوکان جو کمرشل مارکیٹ مین بازار دینہ میں واقع ہے اس کی دیوار کو توڑ کر عقب میں واقع جامع مسجد محلہ معصوم شاہ دینہ کے لیے اڑھائی فٹ چوڑائی اور 20 فٹ لمبائی دے کر راستہ کھول دیا، جس پر دینہ کے تاجروں نے خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے خصوصی دعا جامع مسجد مدنی مین بازار دینہ کے خطیب مولانا خالد محمود ضیغم نے کروائی، اس موقع پر عامر الیاس رانا اور کمرشل مارکیٹ دینہ کے تاجروں کی کثیر تعداد نے شر کت کی، راستہ کھلنے کے بعد مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
اس موقع پر تاجر زرگر رانا محمد الیاس نے کہا کہ یہ راستہ میں نے مسجد کے لیے دیا ہے تاکہ کمرشل مارکیٹ مین بازار دینہ کے تاجر مسجد کے نمازی بن جائیں اور اپنے اللہ کو راضی کر لیں ۔