جہلم

کورونا وائرس کو بنیاد بنا کر عارضی طور پر بند کیا گیا ضلع کچہری کا داخلی گیٹ تاحال نہ کھل سکا

جہلم: پچھلے سال کورونا وائرس کو بنیاد بنا کر عارضی طور پر ضلعی انتظامیہ نے ضلع کچہری کے داخلی گیٹ کو بند کر دیا تھا۔ ضلع کچہری سے ملحقہ آبادیاں جن میں پروفیسر کالونی ، آفیسر کالونی ، گلزاری کالونی ، ساحل کالونی ، بلال ٹاؤن سمیت ملحقہ علاقہ مکینوںکے بچوں کو سکولز و کالجز میں آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔

سول لائن روڈ کے داخلی گیٹ کے کمپاؤنڈ میں ڈپٹی کمشنر، سول ڈیفنس، ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس، اے ڈی ایل جی ، ایجوکیشن دفتر ذنامہ و مردانہ، خواتین کالج موجود ہیں جہاں سائلین اور طلباء و طالبات حصول تعلیم کے لئے آتے جاتے ہیں نامعلوم وجوہات کی بناء پر گیٹ کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پچھلے سال کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ نے ضلع کچہری کے سول لائن کے داخلی گیٹ کو عارضی طور پر بند کر کے خارجی گیٹ میں سائلین اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو آمدورفت جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے۔

اس طرح رواں سال فروری کے اوئل میں حکومت نے کورونا کی پابندیاں ختم کرتے ہوئے معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، لیکن ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی مشکلات کو ختم کرنے کی بجائے تاحال ضلع کچہری سول لائن روڈ کے داخلی گیٹ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر ابھی تک بند کررکھا ہے۔

ضلع کچہری سے ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کی بچیاں جو کہ خواتین کالج میں زیر تعلیم ہیں اور ضلع کچہری میں آنے والے سائلین جو کہ ملحقہ آبادیوں سمیت دیگر علاقوں سے آتے ہیں انہیں اضافی کرایہ ادا کرکے خارجی گیٹ کے راستے آنا پڑتا ہے، جس سے ضلع کچہری میں آنے والے سائلین اور سرکاری اداروں میں آنے والے سائلین اور شہریوں کو وقت کے ساتھ ساتھ اضافی کرائے کا بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے ۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ سے مطالبہ کیاہے کہ سول لائن گیٹ کو حسب سابق روایت مستقل بنیادوں پر کھولا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کاخاتمہ ممکن ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button