
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما ممبرصوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال نے سول ہسپتال جہلم میں ٹراما سنٹر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میاں مظہر حیات، میڈیکل سپرٹنڈنٹ شعیب حسین کیانی ، پی ایم اے ضلع جہلم کے صدر ڈاکٹر عدنان نجب،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن سیاسی سماجی ،رفاعی ، فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت میڈیا نمائندگان اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال نے کہا کہ ٹراما سنٹر 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائیگا۔ ٹراما سنٹر کی عمارت اگلے 2 سال میں مکمل ہوگی۔ ٹراما سنٹر 50بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ اس سے قبل زخمیوں اور جلنے والے مریضوں کو راولپنڈی سمیت دیگر ہسپتالوں میں ریفر کر دیا جاتا تھا ، ٹراما سینٹر کی سہولت کے بعد ہر قسم کے مریضوں کا ضلعی ہیڈ کوارٹر پر علاج ہو سکے گا۔
انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹراما سنٹر کا تحفہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے دیا گیا ہے، عالیشان عمارت تعمیر کر کے تمام طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
اس موقع پر شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، کارروباری تنظیموں کے عمائدین نے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری ظفر اقبال کا شکریہ ادا کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چوہدری ظفر اقبال نے حلقہ پی پی 26 میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے ہیں جس پر ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال کے شکر گزار ہیں جنہوں نے طویل عرصے کے بعد حلقہ پی پی 26 میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا، بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔