جہلم

جہلم شہرسمیت ضلع بھر میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

جہلم: شہرسمیت ضلع بھر میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غریب افراد علاج معالجہ کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، ادویات کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی وجہ سے عطائیت پروان چڑھنے لگی، ضلع کی بیشتر آبادی پہلے ہی خطہ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے، کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کے لئے 2 وقت کی روٹی کا حصول بھی خواب بن کر رہ گیا ہے، علاج معالجہ بھی غریبوں کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہوکر رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں غریب عوام کو علاج معالجہ میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مہنگی ادویات مریضوں کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہو گئیں، ضلع بھر میں قائم سرکاری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں نہ صرف ادویات کی قلت ہو چکی ہے بلکہ دیگر اہم سہولیات کا بھی شدید فقدان ہے۔

سرکاری ہسپتالوں اور ادویات کی قلت کی وجہ سے وسائل نہ ہونے پر لوگ نہ صرف تعویز گنڈوں کا سہارا لیتے ہیں بلکہ عطائیوں سے علاج معالجہ کروا کے اپنی زندگیاں بھی داؤ پر لگا رہے ہیں۔ہر دوسرا شخص مختلف مسائل کا شکار ہونے کی وجہ سے شوگر اور بلڈ پریشر کے عارضہ میں مبتلا ہو چکاہے۔

ان بیماریوں کی ادویات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے سالانہ شرح اموات میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے ، صحت جیسی بنیادی سہولت عوام کو فراہم کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے، مگر افسوس وطن عزیز کو آزاد ہوئے 76 سال کا طویل عرصہ گزرچکا ہے مگر غریبوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم نہ ہونا منتخب حکومتوں اور ارباب اختیار کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

ضلع بھر کے بعض مقامات سے بارہا بازگشت سنائی دیتی رہی ہے کہ تہمت پرستی کا شکار لوگ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلواتے اگر برسر اقتدار آنے والی حکومتیں غربت کا خاتمہ کرتے ہوئے صحت کے میدان میں انقلابی اصلاحات نافذ العمل کرتیں تو نہ صرف عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم ہو سکتی تھیں بلکہ عطائیت اور تہمت پرستی کا خاتمہ بھی یقینی تھا۔ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے سرکاری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button