
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہلم میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ڈیلرز کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی کرنسی ضبط اور مالکان سمیت آٹھ افراد کو حراست میں لیا۔
ایف آئی اے نے جہلم میں متعدد غیر قانونی کرنسی ایکسچینج، پاپولر کرنسی ایکسچینج اور ڈیلرز کیخلاف کارروائیاں کی اور ریڈ کے دوران بھاری مقدار میں پاکستانی اور غیر ملکی غیر قانونی کرنسی ضبط کر لی، کمپیوٹر اور ریکارڈ قبضے میں لے لئے گئے، ریکارڈ پیش کی جانے والی کرنسی مالکان کو واپس کر دی گئی۔
ریڈ میں غیر قانونی 32 اعشاریہ 655 ملین پاکستانی کرنسی، 38,265 ترکش لیرا، امریکی ڈالرز 5,609 اور یورو 31,285 ضبط کیے گئے۔
اس کے علاوہ مزید غیر قانونی 1,270 یو اے ای درہم، 9,662 سعودی ریال، 7,979 ملائیشین رنگڑ، 1,500 ڈینش کرون، 3155 برٹش پاونڈز شامل ہیں۔
آٹھ افراد کو ایف آئی اے نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ کرنسی شاپ کو سیل کردیا گیا ہے۔