جہلم میں غیر قانونی لیبارٹریوں کی بھرمار، غیر تربیت یافتہ عملہ مریضوں کی فرضی رپورٹس بنانے میں مصروف

جہلم: شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی لیبارٹریوں کی بھرمار، غیر تربیت یافتہ عملہ مریضوں کی فرضی رپورٹس بنانے میں مصروف، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں قائم لیبارٹریوں میں انڈر میٹرک اور میٹرک پاس نوجوان لیبارٹریاں چلانے میں مصروف عمل ہیں۔ محکمہ صحت کی انتظامیہ حقائق کا علم ہونے کے باوجود آنکھیں بند کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے غیر قانونی، لیبارٹریوں کے بااثر مالکان کو کوئی پو چھنے والا نہیں۔
شہر اور ضلع بھر میں اس وقت درجنوں کی تعداد میں غیر قانونی لیبارٹریاں قائم ہوچکیں ہیں، شہر میں جگہ جگہ قائم غیر قانونی لیبارٹریز مالکان ناتجربہ کار ملازمین سے شہریوں کو غلط رپورٹس جاری کروا کے مریضوں کو مختلف موذی امراض میں مبتلا کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔
لیبارٹریوں میں موجود عملہ انڈر میٹرک اور میٹرک پاس غیر تربیت یافتہ ہے، متعدد لیبارٹری مالکان پتھالوجسٹ ڈاکٹر کے نام سے بھی نا آشنا ہیں، غیر تربیت یافتہ نوجوان من مرضی کی رپورٹس جاری کرکے شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے میں مصروف ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے محکمہ صحت کے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور غیر قانونی قائم ہونے والی لیبارٹریوں کو سر بمہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔