ادبستان کے بانی غزل و صوفی گائیک اقدس ہاشمی کے اعزاز میں شام غزل کے نام سے تقریب کا انعقاد

پنڈدادنخان: معروف ادیب اور ادبستان کے بانی غزل و صوفی گائیک اقدس ہاشمی کے اعزاز میں شام غزل کے نام سے تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت معروف سکالر علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید ایاز ظہیر ہاشمی نے کی پروفیسر سجاد قمر (مدیر برائے معاون خصوصی وزیراعظم) اور معروف صحافی سلیمان شہبازنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں اردو ادب سے لگاؤ رکھنے والے اورشائقین غزل کی کثیر تعداد سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے ادباء و شعرا اور پروفیسرز صاحبان اور نوجوان شامل تھے جوآخر وقت تک ہمہ تن گوش ہو کر اقدس ہاشمی کی گائیکی سے محظوظ ہوتے رہے۔ اقدس ہاشمی نے اپنے خاص انداز میں مختلف شعرا کی لکھی گئی غزلیں گا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
اس موقع پر اینکر پرسن سیبا اعجاز مرزا، ادبستان کے میڈیا کوآڈینیٹر آکاش علی مغل، صدر ادبستان رباب ملک، سیکرٹری جنرل ادبستان امن کیانی، گولڈ میڈلسٹ اورصدر منڈی بہاؤ الدین ادبستان تنظیم جیا جاوید سمیت جڑواں شہروں سے ادب کے طلباء اور فنکار برادری نے بھرپور شرکت کی۔ شام غزل کے آرگنائزر معروف علمی و سماجی شخصیت انجم افتخار قریشی تھے۔
ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی وقار احمد نے اقدس ہاشمی کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقدس ہاشمی نے اپنے لیے جس مشکل اور اہم ترین شعبے کا انتخاب کیا ہے یہ انہیں ان کی ایک نمایاں شناخت کے طور پر مستقبل میں سامنے لے کر آئیگا اور صوفی کلام اور غزل گائیکی کے احیاء کے لیے اقدس ہاشمی کی اس کاوش پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
تقریب کے اختتام پر معروف نوجوان صحافی سلیمان شہباز نے ادبستان تنظیم کی صدر رباب ملک،بانی و سربراہ اقدس علی ہاشمی، سینئر نائب صدر جویریہ اعوان، سیکرٹری نشرو اشاعت سیبا اعجاز مرزا، سونیا ملک، جیا جاوید سمیت دیگر ادبستان ممبران کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا۔