جہلم

سی ڈی سی المرکز جہلم کا ماہانہ اجلاس کمیٹی روم المرکز جہلم میں منعقد ہوا

جہلم: سی ڈی سی (کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کونسل رجسٹرڈ) المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس کمیٹی روم المرکزجہلم میں منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری جاوید اقبال نے کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت شاہد جلیل سیٹھی نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول ﷺ سید اختر علی شاہ نے پیش کیا، نعت کے بعد تمام شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پڑھا، اس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ ضلع جہلم نے گزشتہ ماہ کے اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔

میجر(ر) ذرغون گل خان نے قائد ملت لیاقت علی خان شہید کی برسی موقع پر ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کروانے کے بعد ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت علی خان ایک سچے پاکستانی اور پاکستان کے صحیح معنوں میں خیر خواہ تھے۔ باوجود ایک نواب خاندان سے تعلق رکھنے کے اور بھارت میں ڈیڑھ سو سے زائد گاؤں کے مالک ہونے کے جب وہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر ہجرت کر کے پاکستان آئے تو انہوں نے اپنے لیئے کچھ بھی کلیم نہیں کیا۔

ڈاکٹر شاہد تنویر نے گزشتہ ماہ گورنمنٹ منیر شہید سکول جہلم کینٹ میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ اور شجر کاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس کیمپ کے موقع پر وہاں سکول کے مستحق بچوں کے لئے سکول کے یونیفارم دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں وہاں کی سکول انتظامیہ کی طرف سے ایک سو نو بچوں کی فہرست موصول ہوئی ہے چنانچہ جلد ہی ان ایک سو نو مستحق بچوں کے لئے سکول کے یونیفارم خرید کر دے دیئے جائیں گے۔

اس اجلاس میں چوہدری جاوید اقبال، ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ ضلع جہلم، سیدہ شاہدہ شاہ، ڈاکٹر محمد اسد مرزا، پروفیسر عبد الرحمن جنجوعہ، ڈاکٹر آمنہ، میجر (ر) ذرغون گل خان، محمد ارشد احمد مرزا، ارشد محمود مبارک، شاہد جلیل سیٹھی، سید اختر علی شاہ، سید ارسلان اور آفس سیکرٹری راجہ توقیر احمد کے علاوہ دیگر عہدیداران و ممبران سی ڈی سی نے شرکت کی۔

اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کی پرتکلف چائے سے تواضع کی گئی جس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button