جہلم

سڑکوں پر تجاوزات مافیا کا قبضہ، میونسپل کمیٹی جہلم کا عملہ سب اچھا ہے کا راگ آلاپنے لگا

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیئے، شہر کی سڑکوں پر تجاوزات مافیا کا قبضہ، میونسپل کمیٹی کا عملہ فرضی کارروائیاں کرکے سب اچھا ہے کا راگ آلاپنے لگا۔ شہری سراپا احتجاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، نجی و سرکاری سکولز و کالج کے سامنے، چوکوں چوراہوں میں ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا ٹریفک کی بندش سے شہری ذہنی اذیت کا شکار، ٹریفک پولیس کا عملہ دفاتر میں بیٹھ کر اعلیٰ افسران کو سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوانے میں مصروف ہیں۔

شہر میں قائم سرکاری ونجی ہسپتالوں، سکولز و کالجز سمیت چوک چوراہوں، سڑکوں کے دونوں اطراف بااثر دکانداروں اور رکشہ ڈرائیورز نے قبضے جما کر مستقل بنیادوں پر ٹھیے قائم کررکھے ہیں ۔جس کیوجہ سے سڑکوں کے پر سے گاڑیوں کا گزرنا اور شہریوں کا پیدل چلنا محال ہو چکا ہے۔

بلال ٹاؤن تا جی ٹی ایس چوک تک سڑک کے دونوں اطراف ، جادہ چوک تا شاندار چوک، سبزی منڈی تا ضلع کچہری ریڑھی بانوں، چنگ چی رکشوں سمیت گاڑیوں کی جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ قائم ہو چکی ہے جس کے باعث ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔ اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور انکروچمنٹ کا عملہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اندرون شہر کی سڑکوں پر قبضہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں نہ کرنا میونسپل کمیٹی کے افسران کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو کہ صرف دیہاڑیاں لگا کر اپنے اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا کہ شہر کی سڑکوں پر تجاوزات قائم کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر کے شہر کی سڑکوں کو کشادہ کروایا جائے تا کہ ٹریفک کے بہاؤ اور ٹریفک کی بندش میں کمی واقع ہو سکے اور شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button