سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی شہریوں کو ریلیف دلوانے میں بری طرح ناکام

جہلم: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے جہاں شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے وہیں ٹرانسپورٹروں نے گڈز ٹرانسپورٹ اور دیگر شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے کرائے کم نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی شہریوں کو ریلیف دلوانے میں بری طرح ناکام، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کر دی ہے جس کا تاحال مسافروں کو ریلیف نہیں مل سکا، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئے سال کے آغاز پر وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 15 سے 25 روپے فی لیٹر تک کمی کا تحفہ عوام کو دیا جائے گا، بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ دو ماہ کے دوران خام آئل کی قیمت میں فی بیرل 37 ڈالر ز سے زائد کی کمی کے صحیح ثمرات پاکستانی عوام تک نہیں پہنچ سکے۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کر دی ہے تاہم سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس حوالے سے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔
مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی/ ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد کرایوں میں کمی کی جائے تاکہ مسافروں کو ریلیف فراہم ہو سکے۔