جہلم

عوام کی خدمت لدھڑ خاندان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت لدھڑ خاندان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ضلع جہلم سے پسماندگی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ حلقہ کی عوام کی محبت ہمارے اوپر قرض ہے عوامی خدمت عبادت سمجھ کر جاری رکھیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر ضلع کچہری میں صحافیوں کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے اربوں روپے کے منصوبے ضلع جہلم میں شروع کروا رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہلم تا لِلہ 2 رویہ سڑک کی تعمیر سے ضلعی ہیڈ کوارٹر کا موٹروے لِلہ انٹر چینج سے منسلک ہونے سے قرب و جوار کے علاقہ مکینوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو گی اس طرح تحصیل پنڈدادنخان، تحصیل جہلم کے علاقہ مکینوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر پہنچنے میں کم سے کم وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلالپور شریف کندوال نہر کے مکمل ہونے سے تحصیل پنڈدادنخان اور ضلع خوشاب میں ہزاروں ایکٹر بنجر زمینیں سرسبز و شاداب ہوں گی، کسان خوشحال ہوں گے۔

چوہدری فراز حسین نے کہا کہ دسمبر میں امپورٹڈ حکمرانوں کی حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے نئے انتخابات میں عوام پی ڈی ایم کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے، غیور قوم اب امپورٹڈ حکمرانوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔ پی ٹی آئی ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے سامنے چٹان کی طرح کھڑی ہے منزل کے حصول کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی باشعور عوام اپنے نڈر، دلیر، لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے کپتان کے فیصلے ہمارے نزدیک اقتدار سے زیادہ عزیز ہیں۔ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ بھی ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے، انشاء اللہ لٹیروں کو چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔

فراز چوہدری نے کہا کہ ضلع جہلم میں چوہدری فواد حسین نے اربوں روپے کے منصوبے شروع کروا رکھے ہیں سڑکوں کے جال بچھا دیئے گئے ہیں۔ 2018 ء کے انتخابات کی طرح آمدہ انتخابات میں بھی پی ٹی آئی ضلع بھر میں کلین سویپ کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button